وولگو گراڈ ( روس ) 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حالیہ عرصہ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد انگلینڈ کی ایک نوجوان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا کل تیونس کے خلاف مقابلہ سے آغاز کریگی ۔ یہ مقابلہ گروپ جی میں ہونے والا ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم تیسری نوجوان ٹیم قرار پائی ہے اور اس کے ہیڈ کوچ گارتھ ساؤتھ گیٹ ہیں جن سے بہت سے گوشوں کو کوئی خاص امیدیں نہیں ہیں۔ یورو 2016 میں آئیس لینڈ کے خلاف شکست کے بعد انگلینڈ دوسرے راونڈ سے باہر ہوگئی تھی اس کے علاوہ وہ چار سال قبل برازیل میں گروپ مرحلہ سے آگے نہیں بڑھ سکے تھی ۔ اب اس ٹیم سے کوئی خاص امیدیں وابستہ نہیں کی جارہی ہیں جس کے کپتان ہیری کین ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم میں اس بار کوئی بڑے کھلاڑی شامل نہیں ہیں لیکن کھلاڑیوں میں جذبہ ضرور موجود ہے اور وہ ایک دوسرے سے تال میل سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ حال میں انگلش ٹیم نے نائیجیریا اور کوسٹا ریکا کے خلاف دوستانہ میچس میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ٹیم کیلئے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے یا اس کے کھلاڑیوں کے تعلق سے کوئی تنازعات بھی نہیں ہیں جیسا کہ سابق میں ہوا کرتا تھا ۔