اڈیلیڈ ، 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے آج انگلینڈ کو 15 رنز کی جیت کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ سے خارج کردیا جس کے نتیجے میں اُن کا اس میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنلس میں ڈیفنڈنگ چمپینس کے ساتھ ممکنہ مقابلہ مقرر ہوا ہے۔ بیٹنگ کی دعوت پر بنگلہ دیش نے محمود اللہ کی ٹھوس سنچری کے بل بوتے پر 275/7 اسکور کئے اور پھر پُرجوش بولنگ مظاہرہ پیش کرتے ہوئے انگلینڈ کو 48.3 اوورس میں 260 پر آل آؤٹ کیا جو گروپ A کا سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہوا۔ ’مین آف دی میچ‘ محمود (103) نے اپنی پہلی او ڈی آئی سنچری بناتے ہوئے بنگلہ دیش کو 99/4 کی مشکل صورتحال سے نکالا جیسا کہ اُن کی مشفق الرحیم (89) کے ساتھ 141 رنز کی پانچویں وکٹ کیلئے اہم رفاقت نے ٹیم کا اطمینان بخش اسکور یقینی بنایا۔ انگلینڈ کے میڈیم پیسرس جیمز اینڈرسن اور کرس جارڈن کو فی کس دو وکٹس ملے۔ انگلینڈ نے ٹارگٹ کے تعاقب کا آغاز اچھا ہی کیا حالانکہ اوپنر معین علی (19) رن آؤٹ ہوئے لیکن ٹاپ آرڈر بیٹسمین اپنی بہتر شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے میں ناکام ہوگئے اور اس طرح لازمی جیت والے میچ میں وہ قدرے برتری سے محروم ہوئے۔ بنگلہ دیش کے بولروں نے روبل حسین (4/53) کی قیادت میں اہم موقعوں پر وکٹیں لیتے ہوئے انگلینڈ کو لگ بھگ ہمیشہ پریشانی میں مبتلا رکھا۔ ایان بیل نے جانفشانی سے کھیلتے ہوئے 63 رنز بنائے اور اننگز کو سنبھالنے کی کوشش ضرور کی مگر حسین نے اس اوپنر کو 27 ویں اوور میں پویلین لوٹا دیا۔ انگلش مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا یہاں تک کہ جاس بٹلر (65) نے اپنی ساتویں او ڈی آئی ففٹی کے ذریعہ کافی مزاحمت کی مگر یہ انگلینڈ کی قسمت بدلنے کیلئے کافی نہ ہوئی۔ کرس ووکس (42 ناٹ آؤٹ) نے آخر تک ڈٹ کر بیٹنگ کی لیکن آخری بیٹسمنوں سے انھیں بہت کم مدد ملی جبکہ حسین نے اختتامی دو بیٹسمنوں کو اچھی سیم موومنٹ کے ذریعہ اپنا شکار بنا لیا۔ حسین کو کیپٹن اور اسٹرائیک پیس بولر مشرف مرتضیٰ (2/48) اور تسکین احمد (2/59) سے اچھی مدد حاصل ہوئی۔