انگلش کپتان مورگن پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پرامید

لندن۔6 فروری (سیاست ڈاٹ کام )انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ایان مورگن نے پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) میں شرکت کو خوشی کا موقع قرار دیتے ہوئے لیگ میں پشاورزلمی کے لئے چند یادگار اننگز کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔مورگن نے انگلینڈ ٹیم کا دورہ ہندوستان مکمل ہوتے ہی دبئی میں موجود پشاور زلمی کی ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔انگلش کپتان نے کہا کہ میں پی ایس ایل کے لیے پشاور زلمی کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں اور ایونٹ کے آغاز کے لئے پرعزم ہوں۔انہوں نے کہا کہ انھوں نے کئی کھلاڑیوں سے پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے حوالے سے بہت اچھی باتیں سن رکھی ہیں اور خوش تھے کہ انھیں ذاتی طورپر بڑے ایونٹ میں کھیلنے کا موقع ملے گا۔مورگن نے کہا کہ میرے کئی دوستوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پی ایس ایل اچھا ایونٹ تھا اور انھوں نے پی ایس ایل کو بہت بڑا درجہ دیا۔پی ایس ایل کے دوسرے سیزن میں شرکت کے لئے یہاں دبئی میں موجود ہونا بہت اچھا ہے اور میں بہت پرجوش ہوں۔انگلش کپتان نے پی ایس ایل کے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لئے کارکردگی دکھانی کی بھرپور کوشش کرنے کی یقین دہانی کرادی۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پی ایس ایل اور پشاور زلمی کے مداح کس قدر جذباتی ہیں، وہ ہر گیند، ہر وکٹ اور ہر باؤنڈری کو دیکھتے ہیں، میں پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے اپنی بہترین کوششیں بروئے کار لاؤں گا تاکہ پشاور زلمی کے لئے چند اچھی اننگز کھیلوں۔ مورگن نے انگلینڈ کے لئے 67 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے ہیں جہاں انھوں نے 1568 رنز بنائے ہیں جبکہ 173 ایک روزہ میچوں میں 5193 رنز بنائے ہیں ۔پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا آغاز 9 فروری کو دبئی میں پشاورزلمی اور دفاعی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔