لندن۔24جولائی(سیاست ڈاٹ کام)روایت پسند انگریز بھی کرکٹ میں نت نئے تجربات کیلئے کمربستہ ہیں لیکن آئی سی سی حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹی10 فارمیٹ کو متعارف کروانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ ای سی بی کے اعلی عہدیداروں کی مختصر ترین فارمیٹ کے مالکان سے تفصیلی گفتگو ہو چکی لیکن ابھی 100گیندوں کے میچ کا معاملہ بھی معلق ہے کیونکہ چھ گیندوں پر مشتمل پندرہ اوورز کے ساتھ دس گیندوں کے آخری اوورکو پروفیشنل کرکٹرز اسوسی ایشن کی جانب سے مخالفت کا سامنا کرنا پڑا،اس کے بجائے پانچ گیندوں پر محیط بیس اوورز کا طریقہ کار اپنائے جانے کی تجویزبھی سامنے لائی گئی ہے۔ ماضی قریب میں ٹسٹ کرکٹ کی بقاکیلئے فکرمند آئی سی سی حکام نے مالی مفادات اور شائقین کو میدانوں میں کھینچ لانے کی خاطر ایک جانب مختصر فارمیٹس کی کرکٹ کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے اور فیوچر ٹور پروگرامز میں مختلف ممالک کو ذہنی طور پر دو ٹسٹ میچز کی سیریز تک محدود رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کیلئے ٹسٹ چیمپئن شپ کا پوائنٹس سسٹم کچھ اس انداز سے وضع کیا گیا ہے کہ مطلوبہ پوائنٹس کیلئے مکمل رکن ممالک تین سے زائد ٹسٹ میچوں کی منصوبے کو فراموش کردیں گے۔روایت پسند انگریز بھی بدلتے وقت کیساتھ کھیل کی اصل روح کو قائم رکھنے کے بجائے اب مالی مفادات اور شائقین سے بھرے ہوئے میدانوں کی جانب متوجہ ہیں اور یہ انکشاف قطعی حیران کن نہیں ہے کہ ای سی بی نے ٹی 10 فارمیٹ کو انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ بنانے پر غور شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے رواں سال مارچ میں ای سی بی کے اعلی عہدیداروں کی ٹی ٹین لیگ کے مالکان سے متحدہ عرب امارات میں تفصیلی بات چیت ہو چکی ہے۔