انگریزی کتاب روحِ حج جے ایس افتخار کا عازمین کیلئے تحفہ

حج و عمرہ اور زیارت روضۂ رسول صلی اﷲ علیہ و آلہٖ و سلم کے آداب سے متعلق کئی زبانوں میں بے شمار کتابیں منظرعآم پر آئی جن سے معتمرین و عازمین حج نے استفادہ بھی کیا اور یہ کتابیں ان لوگوں کیلئے بھی رہنمائی کاباعث بنی جنھوں نے عمرہ کی ادئیگی یا سعادت حج کاارادہ کیا۔ ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے تعلق رکھنے والے ممتاز صحافی جناب جے ایس افتخار نے عازمین حج کی رہنمائی میں معاون ثابت ہونے والی انگریزی کتاب Haj The Spirit Behind It ( روح حج) تحریر کی ہے جس میں انھوں نے بڑے ہی دلنشین و خوبصورت اور سہل انداز میں حج ، اسلام میں حج کی اہمیت اس کے اغراض و مقاصد ، مناسک حج ، حرمین شریفین میں نمازوں کی ادائیگی ، عبادات و اذکار میں خشوع و خضوع ، مناسک حج کے دوران نگہداشت صحت اور مناسک حج کے دوران پڑھی جانے والی دعاؤں پر روشنی ڈالی ہے ۔ یہ کتاب ان لوگوں کیلئے یقینا ایک نعمت غیرمترقبہ ہے جو اردو تو بولتے ہیں لیکن اردو پڑھ لکھ نہیں سکتے یعنی انگریزی جاننے والے عازمین و معتمرین اس زیرتبصرہ کتاب سے فیض حاصل کرسکتے ہیں۔ قارئین جناب جے ایس افتخار کے بارے میں یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ انھوں نے انڈین ایکسپریس اور دی ہندو جیسے انگریزی کے قومی اخبارات میں زائداز تین دہوں تک نمایاں خدمات انجام دیں۔ روزنامہ سیاست سے بھی وہ کچھ عرصہ کیلئے وابستہ رہے ۔ ان کی خوش نصیبی رہی کہ وہ ہمیشہ علماء سے قریب رہے ۔ حج بیت اﷲ کی بھی سعادت حاصل کی اور شائد اپنے تجربہ اور مشاہدہ کی بنیاد پر ہی اس کتاب کو ضبط تحریر میں لانے کی جانب متوجہ ہوئے ۔ 84 صفحات پر مشتمل اس دیدہ زیب کتاب میں جسے ملک کے ممتاز ناشر ھدیٰ پبلی کیشنس نے شائع کیا ہے انھوں نے حکم حج سے متعلق قرآن و حدیث کے حوالے دیتے ہوئے تقریباً 26 عنوانات یاموضوعات کو بڑے ہی آسان انداز میں پیش کیا۔ انہوں نے اپنی کتاب میں اﷲ عزوجل کی اطاعت و فرمانبرداری حج کی روح ، فریضۂ حج کی ادائیگی اور اس کا جذبہ ، عبادات و اذکار ، مناسک حج کے دوران نگہداشت صحت ، کعبہ کرہ ارض کا وسط ، طواف کعبہ ، احرام ، حالت احرام میں ممنوع کام یا چیزوں سے اجتناب بطور خاص فلسفۂ حج اور آداب سفر مقدسہ ، عرفات میں توقف ، حج اور خلیل اﷲ ، خطبہ حجتہ الوداع ، یقین و شعور کے ساتھ عبادات ، حج کے بعد کی زندگی ، حج اور صحت ، مقدس شہر ، حج ، آیات قرآنی اور احادیث ، حج و عمرہ کے دوران پڑھی جانے والی دعائیں ، احرام باندھنے کے بعد کی دعائیں اور جنت البقیع میں زیارت قبور کے موقع پر کی جانے والی دعاؤں کا مختصر لیکن جامع انداز میں احاطہ کیا ہے ۔
جے ایس افتخار نے اس کتاب میں ان عربی اصطلاحات کا بھی ذکر کیا ہے جو معتمرین اور عازمین کی سماعت سے اس سفر مقدس کے دوران ٹکراتی رہیں گی ، اگر ان ضروری عربی اصطلاحات پر عبور حاصل ہوجائے تو عازمین و معتمرین کو مقامی افراد کی گفتگو سمجھنے میں کچھ حد تک مدد مل سکتی ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ حج بہ یک نظر کہ زیرعنوان مضمون میں جو صفحہ 79، 80 اور 81پر محیط ہے جناب جے ایس افتخار نے حج اور مناسک حج کو بڑے ہی مختصر لیکن جامع انداز میں پیش کرکے عازمین کیلئے اس کتاب کو مزید سہل بنادیا ۔ ویسے بھی انگریزی جاننے والے عازمین کیلئے تحریر کردہ اس کتاب کا یہ دوسرا ایڈیشن ہے جس سے کتاب ھذا کو حاصل ہورہی عوامی پذیرائی کا اندازہ ہوتا ہے ۔ اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 2005ء میں منظرعام پر آیا تھا جسے عام و خاص کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ۔ دوسرے ایڈیشن میں جناب جے ایس افتخار نے تین باب کا اضافہ کیا ۔اُمید ہیکہ ان کی اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن کو بھی پہلے ایڈیشن سے کہیں زیادہ پذیرائی حاصل ہوگی ۔ جے ایس افتخار نے اپنی کتاب میں حج سے پہلے اور حج کے بعد کی زندگی کا بھی تذکرہ کیا ہے اور یہ بھی بتایا کہ ہمارے اولیاء اﷲ کے نزدیک حج کی کیا اہمیت تھی اور حج کے بارے میں وہ کیا نقطۂ نظر رکھتے تھے ۔ حج کیلئے وہ تقویٰ و پرہیزگاری ، صبر و استقلال بہت ضروری سمجھتے تھے اور بے شک یہ سفر مقدس آخرت کیلئے بہترین زاد راہ ہے ۔ کتاب کے صفحہ نمبر 51 میں حضرت بایزید بسطامی ؒ کے اسفار حج سے متعلق ، ایمان افروز قصے بھی تحریر میں لائے ہیں جبکہ حضرت جنید بغدادیؒ کے ایک مرید خاص شیخ شبلی کے اپنے مرید سے جو سعادت حج کے بعد واپس آیا تھا مکاملہ کو پیش کیا جو بڑا دلچسپ ہونے کے ساتھ سبق آموز بھی ہے ۔ کتاب میں بطور خاص حج کے بعد کی زندگی پر بھی مختصر لیکن موثر انداز میں روشنی ڈالی گئی ۔ دوسری جانب کتاب میں حج اور مناسک حج سے متعلق کئی ایک دعائیں شامل ہیں جس سے عازمین کو مناسک حج کی ادائیگی میں کافی مدد ملے گی ۔
راقم الحروف Haj The Spirit Behind it (روحِ حج ) کے زیرعنوان اس کتاب کے بارے میں یہی کہہ سکتا ہے کہ عازمین کے ساتھ ساتھ انگریزی میڈیم اسکولس ، کالجس سے تعلیم حاصل کررہی نوجوان نسل کیلئے بھی مفید ثابت ہوگی ۔ کتاب کی قیمت صرف 80/- روپئے مقرر کی گئی ہے جسے ھدیٰ پبلی کیشن نزد سیول سٹی کورٹ پرانی حویلی حیدرآباد سے یا پھر مصنف جناب جے ایس افتخار 9440055478 سے ربط پیدا کرکے حاصل کی جاسکتی ہے۔