انڈیا کی سب سے بڑی جیت، ویسٹ انڈیز اندرون تین یوم پسپا

کوہلی کی ٹیم کے 649/9d کے جواب میں مہمان 181 اور 196 آل آؤٹ ۔ اسپنرس بالخصوص کلدیپ (5/57) حاوی ۔ ڈبیو سنچورین پرتھوی شا کو میچ ایوارڈ

راجکوٹ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی کرکٹ ٹیم نے بلے بازوں کی شاندار اننگز اور گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت فالو آن کیلئے مجبور ہوئی ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے ہی دن ہفتہ کو میچ اپنے نام کرتے ہوئے اننگز اور 272 رنز سے ٹسٹ تاریخ کی سب سے بڑی جیت درج کر لی۔ ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ میں بھی یہ اب تک کی سب سے بڑی جیت ہے ۔ اس نے اسی سال افغانستان کے خلاف بنگلور میں کھیلے گئے واحد ٹسٹ میں اننگز اور 262 رن سے ٹسٹ میں اپنی سب سے بڑی جیت درج کی تھی۔ وہیں اب ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ ہندوستان کی اب تک کی سب سے بڑی جیت بھی ہے ۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ ویسٹ انڈیز کو نومبر 2013 میں ممبئی میں اننگز اور 126 رن سے شکست دی تھی۔ ہندستان نے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹ پر 649 رن بنا کر اپنی اننگز کا اعلان کر دیا تھا۔ لیکن اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے تیسرے دن لنچ سے پہلے ہی 48 اوور میں 181 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہمان ٹیم ہندستان کے اسکور سے 468 رن پیچھے رہ گئی جس کے بعد اس فالو آن کرنا پڑا۔ لیکن ویسٹ انڈیز دن کے تقریبا 18 اوور باقی رہتے ہی 50.5 اوور میں 196 رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ہندستان کے چائنامین بولر کلدیپ یادو نے ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں 57 رن پر پانچ وکٹ کی اپنی بہترین بولنگ کی اور پہلی بار کیریئر میں اننگز میں پانچ وکٹ کی کامیابی درج کی۔ انہوں نے میچ میں کل چھ وکٹ لیے جو ان کی بہترین ٹسٹ کارکردگی بھی ہے ۔ اپنی پہلی ٹسٹ سنچری بنانے والے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے شرمن لیوس (4) اور شینن گیبریل (4) کے وکٹ لے کر ونڈیز کی اننگز سمیٹ دی۔ انہوں نے 35 رن پر تین وکٹ نکالے ۔ جبکہ پہلی اننگز میں 37 رن پر چار وکٹ لینے والے آف اسپنر روی چندرن اشون کو دو وکٹ ملے ۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں کپتان کارلوس بریتھویٹ (10) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کیرن پاول نے 93 گیندوں میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگا کر 83 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ لیکن دوسرے سرے سے مسلسل وقفے پر وکٹ گرتے رہے ۔ روسٹن چیز 20رنز بنا کر دوسرے بڑے اسکورر رہے ۔ بریتھویٹ کو اشون نے آؤٹ کیا جبکہ باقی کے پانچوں بلے بازوں کو کلدیپ نے پویلین بھیجا۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا میچ محض تین دن کے اندر اندر نمٹاتے ہوئے دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ یکطرفہ اس میچ میں بلے بازوں نے جیت کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور اوپنر اور ڈیبو بلے باز پرتھوی شا نے 134 رنز کی سنچری بنائی۔ 18 سال پرتھوی کو اس شاندار کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔ کپتان وراٹ کوہلی نے 139 رن بنائے جس کے ساتھ وہ ڈان بریڈمین کے بعد سب سے تیز 24 سنچری بنانے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بھی بن گئے ۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر جڈیجہ نے اپنے گھریلو میدان پر ناٹ آؤٹ 100 رنز سے اپنی پہلی ٹسٹ سنچری بنائی لبکن چتیشور پجارا نے 86 اور رشبھ پنت نے 92 رن بنائے۔سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم پر منعقدہ میچ میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کی خراب شروعات رہی تھی اور اس نے کل ہی 94 رن پر اپنے چھ وکٹ گنوا دیئے ۔ صبح ویسٹ انڈیز کے کل کے ناٹ آؤٹ بلے بازوں روسٹن چیز (27) اور کیمو پال (13) نے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ چیز نے محتاط طور سے 79 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی نصف سنچری اننگز کھیلی جبکہ پال نے 49 گیندوں میں سات چوکے اور دو چھکے لگا کر 47 رن بنائے اور ساتویں وکٹ کے لیے 73 رنز کی شراکت کی۔ پال کو امیش یادو نے چتیشور پجارا کے ہاتھوں کیچ کراکر اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد سے چیز کو اشون نے بولڈ کر آٹھواں وکٹ نکالا۔ شرمن لوئیس کھاتہ بھی نہیں کھول سکے اور اشون نے انہیں بھی بولڈ کیا جبکہ شینن گیبریل ایک رن پر اشون کی گیند پر رشبھ پنت کو کیچ دے بیٹھے جس کے ساتھ ونڈیز اننگز سمٹ گئی۔تجربہ کار اشون نے 11 اوور میں 37 رن پر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے جبکہ محمد سمیع کو 22 رن پر دو وکٹ ملے ۔ رویندر جڈیجہ، کلدیپ یادو اور امیش کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسی کے ساتھ ہندستان کے اسکور سے 468 رنز پیچھے رہ گیا اور اسے فالوآن کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ ونڈیز کی ٹیم نے پھر لنچ تک 33/1 بنائے لیکن چائے کے وقفہ کے ٹھیک بعد 117 رن کے اندر اندر اس کے باقی نو وکٹ بھی گر گئے اور اسے اننگز سے ہار ہوئی۔