نئی دہلی ۔ 5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں واحد ٹسٹ اور 3 ونڈے انٹرنیشنلس کھیلے جائیں گے ۔ بی سی سی آئی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیم انڈیا 7 جون کو بنگلہ دیش کیلئے روانہ ہوگی اور واحد ٹسٹ فتح اللہ میں کھیلا جائے گا جو9 سال بعد کسی ٹسٹ کی میزبانی کررہا ہوگا ۔ اس ٹسٹ کی شروعات 10 جون کو مقرر کی گئی ہے ۔ دورہ کنندہ ٹیم ٹسٹ میچ سے قبل پریکٹس میچ بھی کھیلے گی ۔ اس کے بعد تمام تر توجہ میرپور پر مرکوز ہوجائے گی جہاں 18، 21 اور 24 جون کو تین او ڈی آئیز مقرر کئے گئے ہیںاور پھر دو روز بعد مہمان ٹیم وطن کیلئے روانہ ہوجائے گی ۔ ماہ جون کے دوران مانسون کی پیش قیاسی کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام او ڈی آئیز کیلئے ایک محفوظ دن رکھا گیا ہے ۔ بنگلہ دیش نے کبھی بھی جون ، جولائی ، اگسٹ اور سپٹمبر کے مہینوں میں بارش کے موسم کے سبب کسی ٹسٹ کی میزبانی نہیں کی ہے لیکن رواں سال انڈیا سیریز کے بعد جنوبی افریقہ بھی بنگلہ دیش کا جولائی ۔ اگسٹ کے دوران ٹور کرے گا ۔
بنگلہ دیش موجودہ طورپر پاکستان کی میزبانی کررہا ہے اور میزبانوں نے ٹاپ فام کا مظاہرہ کرتے ہوئے دورکنندگان کو ونڈے سیریز میں 3-0 کی شکست فاش دی اور پھر واحد ٹوئنٹی 20 بھی جیت لیا۔ دو ٹسٹ میں سے پہلا بڑے اسکورس کے ساتھ ڈرا ہوا ہے ۔ ٹیم انڈیا کے ٹور کا مکمل شیڈول یوں ہے :
7 جون : ٹیم انڈیا کی بنگلہ دیش میں آمد
8، 9 جون : پریکٹس
10 تا 14 جون :پہلا ٹسٹ
15، 16 اور 17جون : پریکٹس
18 جون : پہلا او ڈی آئی (19 جون ریزرو ڈے )
20 جون : پریکٹس
21 جون : دوسرا او ڈی آئی ( 22 جون ریزرو ڈے )
23 جون : پریکٹس
24 جون : تیسرا او ڈی آئی ( 25 جون ریزرو ڈے )
26 جون : ٹیم انڈیا کی روانگی