فتح اللہ ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے سرکردہ آل راؤنڈر شکیب الحسن کا احساس ہے کہ ہندوستان کے خلاف سیریز ہمیشہ ہی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے کیونکہ دنیائے کرکٹ کی سب سے پُرکشش ٹیم کے خلاف کھیلنے سے کمزور کھلاڑیوں کو توجہ حاصل کرنے اور اسپانسرز کو راغب کرنے میں مدد ملتی ہے بشرطیکہ وہ اچھا کھیلیں۔ جہاں تک ٹسٹ کیپٹن مشفق الرحیم کا معاملہ ہے، اس سے انھیں ’’اضافی تحریک‘‘ ملتی ہے جبکہ تمیم اقبال زیادہ حقیقت پسندانہ نقطہ نظر اختیار کرتے ہوئے تین او ڈی آئیز میں سے کم از کم ایک جیتنے کے خواہاں ہیں۔ آئی پی ایل میں بنگلہ دیش کے واحد نمائندہ شکیب کا انڈیا سیریز کے تعلق سے نقطہ نظر بحیثیت مجموعی ٹیم کیلئے کھلی حقیقت کا معاملہ ہے۔