انڈیا اے ٹیم کے ٹرینر کی ہوٹل روم میں موت

ممبئی ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی انڈر19 ٹیم کے ٹرینر راجیش ساونت ممبئی میں واقع اپنے ہوٹل کے کمرے میں پراسرار طور پر مردہ پائے گئے جہاں ان کی موت کی وجہ قلب پر حملہ قرار دی جا رہی ہے۔راجیش ساونٹ ہندوستانی انڈر19 ٹیم کی کل سے انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں ہوٹل میں مقیم تھے۔بی سی سی آئی کے جوائنٹ سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہا کہ ہمیں اب تک موصولہ اطلاعات کے مطابق انہوں نے صبح ٹیم کی سرگرمیوں کیلئے رپورٹ نہیں کیا اور اسی لئے لوگ انہیں دیکھنے کیلئے ہوٹل میں گئے جہاں کمرے میں وہ مردہ حالت میں ملے۔راجیش ساونت ماضی میں افغانستان کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بھی رہ چکے ہیں اور اس ماہ کے آغاز میں انگلینڈ الیون کے خلاف میچز کیلئے ہندوستانی اے ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔دریں اثناء بی سی سی آئی نے فٹنس ٹرینر کی موت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کی جانب سے اظہار تعزیت کرنے کے علاوہ اس مشکل وقت میں بورڈ آنجہانی کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔