انڈیا اے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی

ممبئی ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورہ ہندوستان کا ناکامی کے ساتھ آغاز ہوا ہے جیسا کہ ممبئی کے بار برون اسٹیڈیم میں انڈیا اے کے خلاف منعقدہ وارم اپ ونڈے مقابلہ میں اسے 9 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ امیت مشرا اور کرن شرما کے ہمراہ پرویز رسول کی اسپن بولنگ کے خلاف ناکام ہوئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم 38.1 اوورس میں محض 148 رنز پر آل آوٹ ہوگئی۔ مارلون سامیولس اگر نصف سنچری اسکور نہ کرتے تو مہمان ٹیم کی صورتحال مزید ابتر ہوتی۔ سامیولس نے 59 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کئے جبکہ دوسرا اعظم ترین اسکور جیسن ہولڈر نے بنایا جنہوں نے 46 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز اسکور کئے۔

اوپنر جانسن، ڈیرن سیمی اور جیروم ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کے بشمول 4 کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہ کرسکے۔ امیت مشرا نے 26 رنز کے عوض 3، شرما نے 27 رنز کے عوض 2 اور پرویز رسول نے 3 اوورس میں 7 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ جوابی اننگز میں انمکٹ چند نے 81 گیندوں میں 11 چوکوں اور 2 چھکوں کے ہمراہ ناقابل تسخیر 79 رنز اسکور کرتے ہوئے نشانہ کو آسان کردیا جیسا کہ انڈیا اے ٹیم نے 25.3 اوورس میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 149 رنز اسکور کرلئے۔ آوٹ ہونے والے کھلاڑی مرلی وجئے رہے جنہوں نے 37 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز اسکور کرنے کے بعد کیمر روج کی گیند پر سامیولس کے ہاتھوں آوٹ ہوئے۔ دوسرے ناٹ آوٹ بیٹسمین کے کے نیر رہے جنہوں نے 36 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رنز بنائے۔