انڈیا آرٹ فیر میں پاکستانی فنکاروں کی شرکت

نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ویژول آرٹسٹ عائشہ جتوئی نے لمحہ آخر میں اپنا پاسپورٹ حاصل کیا اور انڈین آرٹ فیر میں شرکت کیلئے انہوں نے پیدل چلتے ہوئے سرحدوں کو عبور کیا، جس کا افتتاح آج یہاں عمل میں آیا۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تگ و دو کے بعد میں نے ویزا حاصل کیا لیکن طیارہ میں سوار ہونے کیلئے بروقت طیران گاہ پہنچنے سے قاصر رہی جس کے بعد بحالت مجبوری سرحد پار کرتے ہوئے ہندوستان میں داخل ہونا پڑا۔ اگرچیکہ ماہ نومبر میں دورۂ ہند کا منصوبہ تھا لیکن انہیں جمعرات کو پاسپورٹ حاصل ہوا۔ بہرحال انڈیا آرٹ فیر میں شرکت ہوکر بہت خوش ہوں۔ پاکستانی آرٹسٹ بڑی تگ و دو کے بعد ہندوستان پہونچنے میں کامیاب ہوگئیں لیکن پڑوسی ممالک کے دیگر فنکاروں کیلئے ویزا کا مسئلہ رکاوٹ بن گیا۔ تصویر گیلری لاہور سے وابستہ عائشہ چار روزہ انڈیا آرٹ فیر میں اپنے فن پاروں کی نمائش کریں گی جبکہ ایک پاکستانی آرٹسٹ فریدہ بتول بھی آج صبح پیدل چلتے ہوئے ہندوستان میں داخل ہوئی تھیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ پاکستانی آرٹسٹوں کو ہوٹل انتظامیہ نے لاعلمی کی وجہ سے قیام کی اجازت دے دی۔ بعدازاں مینجمنٹ کو پتہ چلنے پر انہیں باہر نکال دیا گیا۔