انڈیا۔ نیوزی لینڈ سیریز اسپنرز طے کریں گے

دونوں اسکواڈز میں اچھے اسپن بولروں کی شمولیت ، گمبھیر کا احساس
نئی دہلی ، 15 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم انڈیا سے موجودہ طور پر باہر اوپنر گوتم گمبھیر کا احساس ہے کہ اسپنرز ہی انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آنے والی تین میچ کی ٹسٹ سیریز کا نتیجہ طے کریں گے، جو 22 سپٹمبر کو کانپور میں شروع ہورہی ہے۔ گوتم نے میزبانوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہ نیوزی لینڈ کو آسان نہ سمجھا جائے، کہا کہ دونوں ٹیموں نے اپنے اسکواڈ میں اچھے اسپنرز شامل کرلئے ہیں اور توقع ہے وہی اس سیریز میں کلیدی رول ادا کریں گے۔وہ آج یہاں میڈیا سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہمیشہ سے سخت جان ٹیم رہی ہے۔ وہ ہمیشہ ظاہر طور پر کمزور دکھائی دیئے، کوئی انھیں برتر نہیں سمجھتا لیکن انھوں نے ہمیشہ تمام حالات میں اچھا کھیلا ہے۔ گمبھیر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ’انڈین جونیر پلیئرز لیگ‘ کے لانچ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وہ آئی جے پی ایل برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کیوی اسکواڈ اچھا ہے۔ اُن کے پاس تین اسپنرز مچل سینٹنر، ایش سوڈھی اور مارک کریگ ہیں اور کوئی بھی ٹیم کے اسپنرز اچھی بولنگ کرتے ہیں تو آخر میں وہی عنصر سیریز کو طے کرے گا۔ گمبھیر نے حالیہ اختتام پذیر دلیپ ٹروفی میں 320 رنز بہ اوسط 80 اسکور کئے اور انڈیا بلو کی قیادت کرتے ہوئے انھیں بڑی آسانی سے ٹائٹل جتوایا ہے۔ لیکن اُن کے بیٹنگ فام کے باوجود سلیکٹرز نے پھر ایک بار انھیں نظرانداز کردیا جب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈ منتخب کیا گیا۔ اس بارے میں انھوں نے کہا: ’’میں سلیکشن کیلئے نہیں کھیلتا ۔ میرا کام رنز بنانا ہے اور بس اسی پر میری توجہ مرکوز رہتی ہے۔ ‘‘