انڈونیشیا کے نئے صدر کی حلف برداری

جکارتہ ، 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں صدارتی انتخابات کے تین ماہ بعد 53 سالہ جوکو وِدودو نے ملک کے نئے صدر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم ٹونی ایبٹ نے بھی شرکت کی۔ دارالحکومت جکارتہ کے سابق گورنر وِدودو اصلاح پسند تصور کئے جاتے ہیں اور اُن کی انتخابی کامیابی کی توثیق جولائی کے انتخابات کے کئی ہفتے بعد ہو سکی تھی کیونکہ اُن کے حریف امیدوار پرابووو سوبیاتو نے انتخابی نتائج کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ چونکہ پارلیمان میں اپوزیشن جماعتوں کا غلبہ ہے، اس لئے صدر وِدودو کو پارلیمان کی جانب سے زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔