نئی دہلی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) انڈیا انڈر۔ 19 کوچ راہول ڈراویڈ کا ٹھوس ایقان ہے کہ کولٹس ورلڈ کپ میں کھلاڑیوں کو صرف ایک مرتبہ شرکت سے متعلق حد لگادینے بی سی سی آئی ورکنگ کمیٹی کا حالیہ فیصلہ کھلاڑیوں کی جانب سے عمر کے معاملے میں ممکنہ الٹ پھیر کی غلط روش کا سدباب کردے گا۔ رویندر جڈیجا (2006ء اور 08ء)، وجئے زول (12ء اور 14ء) ، سندیپ شرما (10ء اور 12ء)، سرفراز خان (14ء اور 16ء)، رکی بھوج (14ء اور 16ء) اور اویس خان (14ء اور 16ء) حالیہ وقتوں کے ایسے چند کھلاڑی ہیں جو دو U-19 عالمی ایونٹس میں کھیل چکے ہیں۔ 43 سالہ سابق انڈیا کیپٹن کو خوشی ہے کہ بی سی سی آئی نے ایک قاعدہ بنا دیا اور اپنا تاثر ظاہر کیا کہ اس سے آنے والی نسلوں کے کرکٹرز پر مثبت اثر پڑے گا۔ ڈراویڈ اس مسئلے پر بے باکی سے اظہار خیال کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ صرف ایک U-19 ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دینے کا مطلب ہوگا کہ لوگوں کو عمر میں ردوبدل کرنے میں زیادہ دلچسپی نہ ہوگی۔ انڈر 19 کرکٹ کو نتائج سے کہیں زیادہ تجربے کے نکتہ نگاہ سے دیکھنا چاہئے۔