میرپور (بنگلہ دیش)، 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرفراز خان اور واشنگٹن سندر نے زبردست ہاف سنچریاں بنائیں جبکہ ہندوستان نے آج آئرلینڈ کے مقابل 79 رنز کی جامع فتح کے ذریعے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا ہے۔ آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ سرفراز (74) اور واشنگٹن (62) کی 17.2 اوورز میں 110 رنز کی پارٹنرشپ نے ہندوستان کو 55/4 تک گھٹ جانے کے بعد اپنے مقررہ 50 اوورز میں 268/9 کے مسابقتی اسکور تک پہنچایا۔ بعدازاں انڈین ٹیم نے آئرلینڈ کو 49.1 اوورز میں 189 پر ڈھیر کردیا، حالانکہ یہاں شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں منعقدہ اس گروپ D میچ میں لارکن ٹکر (57) اور ولیم مک کلنٹاک (58) نے ففٹیاں بنائیں۔ 269 کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کی شروعات مایوس کن ہوئی جب دونوں اوپنرز جیک ٹیکٹر (1) اور اسٹیفن ڈوئنی (4) اندرون چار اوورز پویلین واپس بھیج دیئے گئے، جنھیں ترتیب وار ارمان جعفر اور کپتان ایشان کشن نے رن آؤٹ کیا۔ قبل ازیں بیٹنگ کی دعوت پر انڈیا کو اننگز کی تیسری گیند جھٹکہ لگا جب کپتان کشن (0) ایک دور جاتی گیند کو چھیڑ کر وکٹ کیپر لارکن کو کیچ دے بیٹھے۔ ریشب پنت (6) اور رکی بھوئی (39) کی مختصر سعی کے بعد نئے بیٹسمن ارمان بھی ڈٹ کر نہیں کھیل پائے اور 16.5 اوورز میں ٹیم اسکور 55/4 ہوچلا تھا۔