انٹلی جنس بیورو اور ’ را ‘ کے سربراہان کی معیاد میں چھ ماہ کی توسیع

نئی دہلی 14 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) انٹلی جنس بیورو کے ڈائرکٹر راجیو جین اور ریسرچ اینڈ انالائزنگ ونگ ( را ) کے سکریٹری انیل کے دھس مانا کو حکومت کی جانب سے معیاد میں چھ ماہ کی توسیع دی گئی ہے ۔ ان کی معیاد جاریہ مہینے مکمل ہونے والی تھی ۔ حکومت نے اس سلسلہ میں احکام بھی جاری کردئے ہیں۔ مسٹر جین کی معیاد 30 ڈسمبر کو اور مسٹر دھس مانی کی معیاد 29 ڈسمبر کو مکمل ہونے والی تھی ۔ کابینہ کی تقررات سے متعلق کمیٹی نے وزیر اعظم نریندرمودی کی قیادت میں یہ فیصلہ کیا جبکہ ملک میں عام انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے میں مرکزی حکومت چاہتی ہے کہ ان ایجنسیوں کے سربراہان کا ملک میں تشکیل پانے والی نئی حکومت کی جانب سے ہی تقرر عمل میں لایا جائے ۔ مسٹر جین 1980 بیاچ کے آئی پی ایس عہدیدار ہیں اور انہیں 30 ڈسمبر 2016 کو انٹلی جنس بیورو کا ڈائرکٹر مقرر کیا گیا تھا ۔ انہیں اب تک صدر جمہوریہ کا پولیس میڈل بھی مل چکا ہے ۔ انہوں نے اب تک انٹلی جنس بیورو کے کئی محکمہ جات میں خدمات انجام دی ہیں۔