انٹرنیشنل فون کالس میں چھیڑ چھاڑ کرنے والا ریاکٹس بے نقاب

چھ افراد گرفتار، 40 لاکھ مالیاتی اشیاء ضبط ، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد 19 سپٹمبر (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا جو انٹرنیشنل فون کالس میں چھیڑ چھاڑ اور اپنے مفاد کیلئے استعمال کررہے تھے۔ پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 40 لاکھ روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے اپنی کارروائی میں ڈی ایم شیوا پرساد ساکن کوکٹ پلی، ایم سبا منوج دیپک ساکن مادھاپور، کے کے چکرورتی ساکن کوکٹ پلی، آر درگا پرساد عرف آر ڈی ساکن کوکٹ پلی، نریش کمار تنیرو ساکن الوال اور دیوسانی سرینواس ریڈی ساکن مادھاپور کو گرفتار کرلیا۔ یہ ٹولی (VOIP) وائس اور انٹرنیٹ کا غلط استعمال کررہے تھے۔ اس ٹولی کا طریقہ کار غیر سماجی عناصر اور ملک دشمن عناصر کے لئے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔ جیسا کہ غدار ہندوستانی فوجی پودار جو پاکستان کیلئے مبینہ جاسوسی کررہا تھا اور جس سے وہ بات کرتا تھا۔ یہ فون لائن بھی انٹرنیٹ فون لائن میں چھیڑ چھاڑ اور اس کے غلط استعمال کی وجہ سے ممکن ہوپائی تھی۔ جس سے آگے والے کی شناخت کو راز میں رکھا جاسکتا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ٹولی اس سسٹم کے غلط استعمال سے لاکھوں روپئے کمارہی تھی۔ اُنھوں نے ایک ایکس چینج قائم کرلیا تھا اور اس کو پی ای ٹی این ریپبلک سوئچ ٹیلیفون نیٹ ورک اور جی ایس ایم (گلوبل سسٹم فار موبائیل کمیونکیشن) نمبر کے ذریعہ استعمال کیا کرتے تھے۔ انٹرنیٹ پر اَن لمیٹیڈ کال خریدنے کی کمپنیوں کی پیشکش پر لوکل نمبر کے ذریعہ خواہشمند افراد کو کم داموں میں مواقع فراہم کیا جاتا۔ اس کے ذریعہ جو انٹرنیشنل کال کا استعمال کرتا ہے اس کے اسکرین پر انٹرنیشنل نمبر نہیں بلکہ خود یہاں سے بات کرنے والے کا سم نمبر ہی دکھائی دیتا ہے جو کافی خطرناک رجحان ہے۔ اس ٹولی کے سبب نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان بلکہ غیر سماجی عناصر اور ملک کو دشمن عناصر بھی اس سے فائدہ حاصل کررہے تھے۔ جیسا کہ غدار فوجی پودار کے معاملہ میں دیکھا گیا۔ ایسے لوگ بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں اور بچت کی ہوئی ہیرا پھیری کی رقم کو یہ لوگ حوالے کے ذریعہ منگوالیتے تھے۔ اس ریاکٹ کو کمشنر سائبرآباد مسٹر سی وی آنند کی خصوصی ہدایت پر ایس او ٹی سائبرآباد نے بے نقاب کیا جن میں اے سی پی سائبر کرائم مسٹر جے رام او ایس ڈی رامچندر ریڈی کے دیگر انسپکٹر شامل تھے۔