لاہور ، 4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی آل راؤنڈر انور علی کی سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی کے بعد ان پر قسمت خوب مہربان ہے، پہلے انہیں پی آئی اے میں ترقی دے کر افسر بنا دیا گیا اور اب انہیں 5 لاکھ روپے کا انعام بھی دیا گیا ہے۔ عمر اسوسی ایٹس نے انور علی کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی دکھانے پر 5 لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔ انور علی نے دوسرے میچ میں 17 گیندوں پر 46 رنز بنا کر پاکستان کی فتح میں اہم ترین کردار ادا کیا تھا۔ انور علی ایسے وقت بیٹنگ کے لئے پہنچے جب شاہد آفریدی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان کو 35 گیندوں پر 66 رنز درکار تھے۔ انور علی نے اس کے بعد 4 چھکے اور 3 چوکے لگا کر پاکستان کو فتح کے بالکل قریب پہنچا دیا۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم نے آخری اوور کی دوسری گیند پر چھکا لگا کر میچ پاکستان کے نام کر دیا۔ انور علی کی اس شاندار کارکردگی پر ان کے ادارے پی آئی اے نے انہیں گروپ فور سے ترقی دے کر گروپ فائیو کا افسر بنا دیا تھا۔