انضمام یا اتحاد ‘ہمارا مقصد بی جے پی کی شکست :لالو

پٹنہ 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام )راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ جنتا پارٹی کے انضمام کی کوششیں جاری ہیں اور تمام اختلافات دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم ہمارا قطعی مقصد انتخابی اتحاد ہو یا انضمام بہار میں بی جے پی کو شکست دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر جنتا پریوار کا انضمام ہوجائے تو ہمیں ایک مستحکم رائے دہندوں کا بینک مل سکتا ہے ۔ بعض سنگین ٹکنیکی مسائل پیدا ہوگئے ہیں جن کی یکسوئی کی ہم کوشش کررہے ہیں تاہم اگر ایسا نہ ہوسکے تو ہم مشترکہ طور پر انتخابی مقابلے کیلئے تیار ہے ۔ وہ آر جے ڈی ارکان اسمبلی کے ایک اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ سماجوادی پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے 10 مئی کو کہا تھا کہ انضمام کا کوئی امکان نہیںہے ۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن کہا تھا کہ انضمام کی کوشش درست سمت میں جاری ہے ‘اس کی رفتار سست ہے لیکن مسلسل ہے ۔ آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے تسلیم کیا کہ انضمام کے عمل میں ٹکنیکی دشواریاں حائل ہے جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔آئندہ انتخابات قانون ساز کونسل کی 24 نشستوں کیلئے ہوں گے۔انہوں نے پٹنہ ہائی کورٹ کے فیصلہ پر بھی ناراضگی ظاہر کی جس نے ریاستی حکومت کے حکم کو جس کے تحت ایس سی اور ایس ٹی کے عہدیداروں کو ملازمتوں میں تحفظات دیئے گئے تھے منسوخ کردیا ہے ۔