اندرون ایک سال میدک ٹاؤن کو ماڈل سٹی میں تبدیل کرنے کا عزم

میدک میں ڈپٹی اسپیکر ایم پدما دیویندر ریڈی کا عہدیداران کے اجلاس سے خطاب
میدک 24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک اکنا پیٹ ریلوے لائن کی تنصیب میں متاثرہ کسانوں کو حکومت کی جانب سے نقصانات کی پابجائی کی جائے گی۔ محکمہ ریونیو کے عہدیداروں کو چاہئے کہ ریلوے کی تنصیب میں استعمال میں آنے والی زرعی زمینات کے متاثرہ افراد کی فی الفور فہرست تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کریں تاکہ جلد از جلد نقصانات کی پابجائی کی جاسکے۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی میدک میں اپنے کیمپ آفس میں بات چیت کرتے ہوئے میدک ریونیو ڈیویژن کو اس عمل میں سرعت پیدا کرنے کی ہدایت دی۔ انھوں نے کہاکہ عنقریب میں ریلوے لائن کی تنصیب کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ محترمہ پدما نے اپنے سلسلہ گفتگو میں کہاکہ اندرون ایک سال میدک ٹاؤن کو ایک ماڈل سٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ ٹاؤن کی اندرونی سڑکوں کو مکمل طور پر سی سی سڑکوں میں بدلنے کا کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ٹاؤن کی اہم شاہراہ حیدرآباد ایکس وے تا بودھن ایکس وے سڑک کی توسیع کے کاموں کا جاریہ ماہ کے دوران آغاز کردیا جائے گا۔ ٹاؤن کی یہ اہم سڑک 5.7 کیلو میٹر ہوگی۔ یہ سڑک سنٹر ٹو سنٹر 100 فٹ چوڑی ہوگی۔ جس کے درمیان ڈبل ڈیوائیڈر تعمیر کیا جاکر اس کے درمیان سنٹرل لائٹنگ تنصیب ہوگی اور رنگ برنگی پھولوں کی شجرکاری کی جائے گی۔

اس مقصد کے لئے 22 کروڑ صرف ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ ٹاؤن کے مایا گارڈنس چیگنٹہ روڈ پر واقع پینٹال ندی کے برج تک اونچا و کشادہ کرنے کے لئے 3 کروڑ جاری کردیئے گئے ہیں جس کے لئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ عنقریب میں تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ محترمہ پدما دیویندر ریڈی نے مزید کہاکہ میدک میں پانی کی معقول سربراہی کیلئے عنقریب میں واٹر گرڈ اسکیم کا آغاز ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ میدک تا وڈیارم سڑک کی کشادگی کے لئے 29 کروڑ کی منظوری حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ میدک کے قریب واقع گھن پور پراجکٹ کی ترقی کے لئے 100 کروڑ روپئے منظور ہوئے ہیں جس میں 50 کروڑ کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انھوں نے کہاکہ گھن پور پراجکٹ دروازوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔ یہ 1905 ء میں نظام دور حکومت میں نصب کئے گئے تھے۔ بعدازاں پدما دیویندر ریڈی نے ہریتا ہارم پروگرام کے تحت میدک کے محبوب نہر کے کناروں پر ناریل کے درخت لگائے۔ اس موقع پر چیرمین بلدیہ ملکارجن گوڑ، ڈپٹی چیرمین راگی اشوک، اشوک کمشنر بلدیہ مسٹر ایم رامیشور راؤ، آر ڈی او ایم ناگیش، بلدی کونسلرس ایم گنگادھر، وینکٹ رمنا، مایا ملیشم بھی موجود تھے۔