سدی پیٹ ۔ 24 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق وزیراعظم آنجہانی شریمتی اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے تصاویر پوسٹل اسٹامپس سے منسوخ کرنے کے فیصلہ کے خلاف ٹاؤن کانگریس پارٹی سدی پیٹ نے صدر ٹپہ خانہ کے روبرو احتجاج ( دھرنا ) منظم کیا ۔ قبل ازیں صدر ٹاون کانگریس پارٹی پربھاکر ورما کی قیادت میں ریالی نکالی ۔ ریالی شہر کے شاہراوں سے گذرتے ہوئے صدر ٹپہ خانہ پہنچ کر دھرنا منطم کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔ یم ایل سی فاروق حسین نے دھرنے میں شرکت کی اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی سرکار سابق وزیراعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے تصاویر پوسٹل اسٹامپ سے منسوخ کرنے کا ارادہ ترک کردے ورنہ احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی ۔ یم ایل سی نے کہا این ڈی اے مرکزی حکومت کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑیگا ۔ فاروق حسین نے پر زور الفاظ میں کہا وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نہرو خاندان کا ہندوستان پر بہت بڑا احسان ہے اس خاندان نے ہندوستان کی آزادی اور ملک میں سیکولرازم کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ۔ ایم ایل سی نے کہا اندرا گاندھی ، راجیو گاندھی کی ملک کیلئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا مودی حکومت آر ایس ایس کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اس کا ناچ مودی حکومت کی صحت کیلئے اچھا نہیں ہوگا۔ گمپا مہندرراو اس موقع پر ڈی راجو ، آصف ، اکبر ، منصور اور دیگر موجود تھے ۔