حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر کے ایک انجینئرنگ کالج کے قریب چاقوزنی کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک طالب علم نے اپنے ساتھی طالب علم کو چاقو سے وار کرکے زخمی کردیا۔ تفصیلات کے بموجب دکن کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی واقع دارالسلام میں آج صبح 9:45 بجے انجینئرنگ سال اول کے دو طلباء محمد جنید محی الدین خان اور معاذ ربانی کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں ربانی نے جنید پر اچانک چاقو سے وار کرکے اسے زخمی کردیا۔ زخمی طالب علم کو فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں پر اس کا علاج جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنید محی الدین خان اور معاذ ربانی کے درمیان فیس بُک گروپ میں چیاٹنگ پر گزشتہ چند دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا جو آج جھگڑے کی شکل اختیار کرگیا۔ 18سالہ جنید محی الدین خان انجینئرنگ (ECE) ولد محمد سلطان محی الدین خان ساکن دیوڑھی اقبال الدولہ خلوت کو عثمانیہ دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ معاذ ربانی جو CSE کا طالب علم ہے اُسے حبیب نگر پولیس نے حراست میں لے لیا۔ انسپکٹر حبیب نگر پولیس اسٹیشن مسٹر آر سنجے کمار نے بتایا کہ دونوں طلباء کے درمیان فیس بک چیاٹنگ کے سبب گزشتہ چند دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا اور گروپ کے کسی ساتھی کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کئے جانے پر مسئلہ اور سنگین ہوگیا۔ پولیس نے ربانی کے خلاف اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتارکرلیا اور کل اُسے عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ انجینئرنگ کالج انتظامیہ نے معاذ ربانی کو کالج سے نکال دیا۔