انتخابی کامیابی پر شیخ حسینہ کومودی کی مبارکباد

ڈھاکہ ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی نے پیر کے روز اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ کو انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور یہ تیقن دیا کہ بنگلہ دیش کی ترقی کیلئے ہندوستان اپنے تعاون کا سلسلہ بدستور جاری رکھے گا۔ یاد رہیکہ بنگلہ دیش کی 300 رکنی پارلیمنٹ میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کی قیادت والے اتحاد نے زائد از 267 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ بنگلہ دیش کی وزیراعظم کے پریس سکریٹری احسان الکریم نے بتایا کہ نریندر مودی نے شیخ حسینہ سے فون پر بات کی۔ انہوں نے شیخ حسینہ کی قیادت میں ملک نے جو ترقی کی ہے، انتخابی کامیابی ان کی اسی قیادت کی علامت قرار دیا۔ پریس سکریٹری نے کہا کہ مودی نے تیقن دیا کہ بنگلہ دیش کی ترقی کیلئے ہندوستان اپنا تعاون بدستور جاری رکھے گا۔