انتخابی مقابلہ :مقروض امیدوار جوتے پالش کرنے پر مجبور

مدھوبنی ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے حلقہ اسمبلی جھانجھر پور کے آزاد امیدوار نے انتخابی مقابلہ کیلئے قرض حاصل کیا تھا، اب اسے قرض کی ادائیگی کیلئے جوتے پالش کرنے پڑ رہے ہیں۔ حالیہ لوک سبھا کے انتخابات کا مقابلہ کرنے کیلئے اس نے اپنے گاؤں کے لوگوں سے قرض حاصل کیا تھا۔ 35 سالہ چڑی رام کے دن آغاز صبح 6 بجے سے ہورہا ہے، وہ اپنے جوتے مرمت کرنے کی دکان پر اوور ٹائم کرتے ہوئے لوگوں کی جوتے کی پالش کر رہا ہے۔وہ صبح سے شام تک جوتے پالش کر کے رقم اکھٹا کر رہا ہے۔

قرضدار اس کی رقم واپس کرنے کیلئے زور دے رہے ہیں۔ اس نے 10,000 روپئے حاصل کر کے انتخاب لڑا تھا۔ چڑی رام نے کہا کہ وہ روزانہ 200 تا 250 روپئے کماتا ہے اور اس میں سے تھوڑی رقم اپنے ارکان خاندان کی ضرورت کیلئے خرچ کرتا ہے مابقی قرض ادا کر رہا ہے۔ اس نے سلائی مشن کے نشان پر مقابلہ کیا تھا اور اپنے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے تقریباً 16,000 روپئے خرچ کئے ہیں۔ اس نے بچت کر کے 6,000 روپئے جمع کئے تھے، مابقی 10,000 روپئے قرض لیا تھا۔

جیتنے والے امیدواروں کو ریٹرننگ آفیسر کے ذریعہ سرٹیفکٹس
بھوپال ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا جوائنٹ سکریٹری اے کے سنگھ نے آج مدھیہ پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر سے خواہش کی ہے کہ موصوف ریٹرننگ آفیسرس کو ہدایت کریں کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد جیتنے والے امیدواروں کو سرٹیفکٹس جاری کریں اور انہیں یہ اطلاع دیں کہ جیتے ہوئے امیدواروں کیلئے نئی دہلی میں کیا سہولیات اور انتظامات کئے گئے ہیں۔ اپنے مکتوب میں جوائنٹ سکریٹری نے ای سی، سی ای او جے دیپ گووند سے خواہش کی کہ وہ ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت کریں کہ 16 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد جیتنے والے امیدواروں کو سرٹیفکٹس جاری کریں۔