تھانے ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کلوا میں بھاسکر نگر سے تعلق رکھنے والے شیوسینا کے دو کارکنوں کو چند افراد نے بری طرح زدوکوب کیا۔ یہ لوگ شیوسینا امیدوار سریکانت شنڈے کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے نکالے گئے جلوس میں یہ دونوں شریک تھے۔ بتایا جاتا ہیکہ حملہ آور این سی پی سے تعلق رکھتے تھے۔ شیوسینا کے پرکاش راجبر اور اشیت راجبر مفت لال کمپنی کے احاطہ کے قریب واقع ایک مندر سے گذر رہے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ بری طرح زخمی دونوں کو چھترپتی شیواجی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔
چاندنی چوک حلقہ میں مسلمانوں کے ووٹ اہمیت کے حامل
نئی دہلی ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کا چاندنی چوک اسمبلی حلقہ تاریخی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور جاریہ ماہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج انتہائی دلچسپ ثابت ہوسکتے ہیں جہاں اصل مقابلہ کانگریس کے کپل سبل، بی جے پی کے ہریش وردھن اور عام آدمی پارٹی کے اشوتوش کے درمیان ہے حالانکہ چاندنی چوک کو روایتی طور پر کانگریس کا حلقہ تصور کیا جاتا ہے لیکن اب کی بار یہ کہا جارہا ہے کہ مسلمانوں کے ووٹ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان تقسیم ہوجائیں گے جس کا فائدہ بی جے پی کے ہرش وردھن کو ہوگا جو ڈسمبر 2013 ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار تھے۔