انتخابی اعلامیہ کے بعد ’ نوٹا ‘ متعارف کرانے پر اعتراض

احمد آباد۔ یکم اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل نے آج الیکشن کمیشن کے اس فیصلہ پر اعتراض کیا کہ گجرات راجیہ سبھا انتخابات کا اعلامیہ جاری کردینے کے بعد ’ نوٹا‘ (NOTA) متعارف کیا جارہا ہے۔ ان انتخابات میں احمد پٹیل بھی امیدوار ہیں۔ انھوں نے یہ چناؤ کے شیڈول میں تاخیر کا ذکر بھی کیا، جو دراصل جون میں منعقد ہونا چاہیئے تھا۔ احمد پٹیل نے ٹوئیٹر پر کہا کہ پہلے راجیہ سبھا الیکشن ملتوی کیا گیا، اس کے بعد ’ نوٹا ‘ کی اعلامیہ کے بعد اجازت دے دی گئی۔ ان تبدیلیوں کی وجوہات سے الیکشن کمیشن ہی بہتر واقف ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے معتمد سیاسی احمد پٹیل 8 اگسٹ کو مقررہ چناؤ میں ایک اور راجیہ سبھا میعاد حاصل کرنے کوشاں ہیں۔ گجرات میں اُن کی پارٹی کے ایم ایل ایز کو بنگلور منتقل کرنا پڑا ہے کیونکہ 6 لیجسلیٹرس پارٹی چھوڑ کر چلے گئے اور ان میں سے بعض بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔ ریاست میں راجیہ سبھا الیکشن تقریباً دو دہوں کے بعد منعقد کیا جارہا ہے۔