چیف مسٹر دہلی ارویند کجریوال کی مرکز پر بالواسطہ تنقید
نئی دہلی ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عام آدمی پارٹی کی زیر قیادت دہلی حکومت اور بی جے پی کی زیر قیادت مرکز کے درمیان جاریہ رسہ کشی کا بظاہر حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر ارویند کجریوال نے آج کہا ہے کہ انتخابات کے بعد ان کی جدوجہد مزید بڑھ گئی ہے ۔ جس میں ان کی پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ سمجھا تھا کہ یہ جدوجہد صرف انتخابات تک ہوگی لیکن ہمیں یہ محسوس ہوا کہ اصل جدوجہد تو اب شروع ہوئی ہے ۔ ہم نے تصور کیا تھا کہ وہ ( بی جے پی ) صرف انتخابات کے دوران بدلہ لیں گے لیکن ہم یہ نہیں جانتے تھے کہ ہماری کامیابی کے بعد بھی وہ انتقام لیتے رہیں گے ۔
سابق ایم پی آنجہانی بھیکو رام جین کی صد سالہ یوم پیدائش تقاریب سے مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہم ، سچائی اور دیانتداری کے راستہ پر گامزن ہیں ۔ ہمیں کامیابی کا ایقان ہے اور 5 سال کے دوران دہلی کی تعمیر اور ترقی کے لیے مشترکہ کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے آنجہانی جین کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی سابق ایم پی کے اصولوں پر کاربند ہے اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حقیقی خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے ۔ مسٹر کجریوال نے بتایا کہ بھیکورام جین نے 1942 میں گاندھی جی کی اپیل پر ہندوستان چھوڑدو تحریک میں حصہ لیا تھا اور عوام کی خدمت کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیا تھا ۔