دو بڑے بھائیوں کو شکست ، چھوٹے بھائیوں کو کامیابی ، شوہر جیت گئے بیوی ہار گئی
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز)انتخابات میں کئی چونکادینے والے نتائج سامنے آئے ہیں ، کہیں بھائی نے بہن کو شکست دی تو کہیں بھانجے نے خالہ کو ہرا دیا کہیں بھتیجے نے چچا کو شکست دی تو کہیں دونوں بڑے بھائیوں کو شکست ہوئی اور دونوں چھوٹے بھائی کامیاب ہوئے کہیں شوہر کی فتح ہوئی اور کہیں شریک حیات کو شکست ہوگئی ۔ اسمبلی حلقہ اسٹیشن گھن پور میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے ڈاکٹر راجیا نے اپنی رشتہ کی بہن کانگریس کی امیدوار اندرا کو شکست دی ۔ اسمبلی حلقہ گدوال میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے بھانجے بی کرشنا موہن ریڈی نے خالہ کانگریس کی امیدوار کے ارونا کو شکست دی ۔ اسمبلی قطب اللہ پور میں بھتیجے ٹی آر ایس کے امیدوار ویویکانند نے چچا کانگریس کے امیدوار کے سری سلم گوڑ کو شکست دی ۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر اُتم کمار ریڈی کامیاب ہوگئے ۔ اسمبلی حلقہ کوداڑ سے ان کی شریک حیات پدماوتی ریڈی کو شکست ہوگئی ۔ کانگریس کے امیدوار کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اسمبلی حلقہ نلگنڈہ سے ہار گئے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی اسمبلی حلقہ مونگوڈو سے کامیاب ہوگئے ۔ کارگزار وزیر ٹرانسپورٹ بی مہیندر ریڈی کو شکست ہوگئی جبکہ ان کے چھوٹے بھائی بی نریندر ریڈی کانگریس کے شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی کو شکست دے کر سنسنی پیدا کردی ۔