پیرس،4جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عرب ممالک کی پابندی کا سامنا کرنے والے خلیجی ملک قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمادالثانی فرانس کے دورے پر جائیں گے ۔فرانس کے صدر دفتر نے آج بتایا کہ نو منتخب صدر ایمانیول میکرون نے ٹیلی فون پر مسٹرالثانی سے خلیجی ممالک کے حالات کے بارے میں بات چیت کی ہے ۔بیان کے مطابق ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران مسٹر الثانی نے اس سال موسم گرما کے اواخر میںفرانس کا دورہ کرنے کی امید ظاہر کی۔اس سے قبل سفارتی ذرائع نے کہا تھا کہ قطر کے امیر آنے والے ہفتوں میں فرانس کے دورے کی امید کر رہے تھے ۔اس درمیان تعلقات بحالی کے لئے خلیجی ممالک کی جانب سے پیش کی گئی مطالبات پر جواب دینے کی10دن کی میعاد اتوار کو ختم ہونے کے بعد قطر کو 48 گھنٹے کا مزید وقت دیا گیا ہے ۔ اس معاملے میںکویت ثالثی کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ، جس کی اپیل پر اس میعاد میں 48 گھنٹے کی مزید توسیع کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ 5 جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر پردہشت گردی کی حمایت کرنے کے الزام لگاتے ہوئے اس سے تمام سفارتی تعلقات منقطع کر لئے تھے ۔