امیدواروں کو 12 مئی کی صبح کا انتظار

ووٹوں کی گنتی کے ساتھ ہی دل کی دھڑکنیں تیز
میدک /11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجلس بلدیہ میدک کے 27 بلدی حلقوں میں کونسلرس منتخب ہونے کے لئے ٹی آر ایس، کانگریس، تلگودیشم اور بی جے پی کے علاوہ چند نشستوں کے لئے بی ایس پی، سی پی آئی، سی پی ایم، ایم آئی ایم، وائی ایس آر سی پی، لوک ستہ، ویلفیر پارٹی آف انڈیا اور آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ 27 رکنی کونسل کے لئے جملہ 156 امیدوار میدان میں ہیں، تمام امیدواروں کو کل صبح یعنی 12 مئی کا انتظار ہے۔ ووٹوں کی گنتی اس بار الیکشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق ضلع کلکٹر کی نگرانی میں سنگاریڈی میں کی جا رہی ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق 27 رکنی کونسل کی دو نشستوں پر آزاد، ایک پر بی جے پی اور ایک پر ایم آئی ایم کا قبضہ ہو سکتا ہے، باقی 23 نشستوں میں سے دس پر ٹی آر ایس، سات پر کانگریس اور چھ پر تلگودیشم کا قبضہ ہوسکتا ہے، لیکن اصل نتیجہ رائے شماری کے بعد ہی معلوم ہوگا۔ صدر نشین کی نشست پر قبضہ جمانے کے لئے کسی بھی جماعت کو 14 نشستوں پر کامیابی ضروری ہے۔ قبل ازیں صدر نشین کی نشست پر تلگودیشم کے حرکیاتی قائد بٹی جگپتی نے ٹی آر ایس کی تائید حاصل کرتے ہوئے تیسری دفعہ کرسی سنبھالی تھی، جب کہ اس بار بھی وہ کرسی سنبھالنے کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔ ٹی آر ایس سے سابق وائس چیرمین ملکا رجن گوڑ، کرشنا ریڈی اور وائی اشوک چیرمین بننے کے خواہش مند ہیں۔ علاوہ ازیں تلگودیشم سے اے وینکٹ رمنا اور جی اروند گوڑ بھی نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ اسی طرح کانگریس سے گھنٹہ راجو، مدھو سدن راؤ اور بٹی سلوچنا صدر نشین کے عہدہ کے خواہش مند ہیں۔ واضح رہے کہ میدک بلدیہ کے چیرمین کا عہدہ اس بار عام زمرہ کے تحت ہے۔