امیت شاہ کو ریالی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی

کولکتہ ۔ 21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ پولیس نے شہر میں ریالی نکالنے کیلئے بی جے پی کو اجازت دینے سے انکار کردیا۔ اس ریالی سے پارٹی صدر امیت شاہ خطاب کرنے والے تھے۔ پارٹی کے ریاستی صدر راہول سنہا نے کہا کہ بی جے پی شہر میں 30 نومبر کو جلسہ منعقد کرنا چاہتی ہے۔ کولکتہ پولیس کمشنر سروجیت کر پروکوشتا نے کہا کہ بی جے پی کی بنگال قیادت نے کل یہاں پر اجلاس منعقد کیا تھا۔ اس معاملہ پر غوروخوض کرنے کیلئے کولکتہ ہائیکورٹ نے ہدایت دی تھی۔ راہول سنہا نے کہا کہ آج کولکتہ پولیس نے عدالت اور ہمیں بتایا کہ انہیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی جانب سے بی جے پی کو جلسہ منعقد کرنے سے روکنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔ ترنمول کانگریس کو ڈر ہیکہ بی جے پی مغربی بنگال میں اپنا سیاسی اثر بنائے گی۔ کولکتہ پولیس جلسہ کی اجازت نہ دینے کی وجوہات بتاتے ہوئے یہ کہہ رہی ہیکہ اسے کے ایم سی کی اجازت نہیں ملی ہے۔ کے ایم سی نے 31 جولائی کو سالانہ ریالی منعقد کرنے کیلئے ترنمول کانگریس کو اجازت دی تھی لیکن ہمیں اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ کولکتہ ہائیکورٹ نے منگل کو سٹی پولیس کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ اس سلسلہ میں بی جے پی کے نمائندوں سے بات چیت کریں۔