مغربی بنگال میں انتخابی مہم کے دوران ممتا پر شدید نکتہ چینی
کیلنگ پونگ ( مغربی بنگال ) ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے پنجشنبہ کو حزب مخالف کے قائدین پر سخت چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں اپنی حکومت کے قائم کے بعد بی جے پی کشمیر سے متعلق دستور کی دفعہ 370 کو فوری منسوخ کردے گی ۔ انہوں نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے بالا کوٹ فضائی حملے کے تعلق سے کئے گئے سوالات کے بارے میں کہا کہ یہ سوالات اقلیتی ووٹ بینک کو خوش کرنے کی کوشش میں کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ممتا بنرجی سے پوچھا آیا وہ بھی کشمیر کے لیے علحدہ وزیراعظم چاہتی ہیں ۔ ممتا اس بات کی وضاحت کریں جیسا کہ ان کے حلیف نیشنل کانفرنس کے قائد عمر عبداللہ نے اپنا موقف واضح کیا ہے ۔ امیت شاہ نے بی جے پی کے دارجلنگ کے لوک سبھا امیدوار راجو سنگھ بہشت کی انتخابی مہم کے دوران یہ باتیں بتائیں ۔ انہوں نے قومی رجسٹر برائے عام شہری کے تعلق سے ممتا بنرجی کے موقف کو عوام کو گمراہ کرنے والا بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سارے ملک میں اس رجسٹر کا نفاذ عمل میں لائے گی اور ملک میں پائے جانے والے ’ ہر ہندو ‘ پناہ گزین کو شہریت دے گی ۔۔