امیت شاہ کا آج بحیثیت صدر بی جے پی دوبارہ انتخاب یقینی

نئی دہلی۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ کی کل نئی میعاد شروع ہوگی چونکہ اُنہیں پارٹی کے اعلیٰ عہدہ پر بلامقابلہ منتخب کئے جانے کا امکان ہے۔ بحیثیت صدر بی جے پی امیت شاہ کی میعاد آج ختم ہورہی ہے اور اُن کی نئی میعاد تین سال کیلئے ہوگی۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ان کا انتخاب صرف ایک رسمی کارروائی ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے انتہائی قریبی اور بااعتماد سمجھے جانے والے امیت شاہ نے قیادت کی ذمہ داری اُس وقت سنبھالی تھی جب مئی 2014ء میں ان کے پیشرو راج ناتھ سنگھ حکومت میں شامل ہوئے۔ کل پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر تمام بی جے پی چیف منسٹرس اور مرکزی وزراء شریک ہوں گے اور توقع ہیکہ انہیں پارٹی صدر منتخب کرلیا جائے گا۔