امیت شاہ صدر جی سی اے منتخب

احمدآباد، 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر امیت شاہ کو آج صدر گجرات کرکٹ اسوسی ایشن (جی سی اے) کی حیثیت سے بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا، جبکہ یہ عہدہ وزیراعظم نریندر مودی کے استعفے کے بعد خالی ہوگیا تھا۔ مودی حال میں وزیراعظم کی حیثیت سے عہدہ کا حلف لینے سے قبل اس عہدہ سے مستعفی ہوگئے تھے۔ امیت شاہ جو جی سی اے کے وائس پریسیڈنٹ تھے، انھیں آج بلامقابلہ صدر اسوسی ایشن کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے، ایک اور جی سی اے وائس پریسیڈنٹ و راجیہ سبھا ایم پی پریمل ناتھوانی نے یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ ’’امیت شاہ کا نام میں نے تجویز کیا اور انھیں بلامقابلہ منتخب کرلیا گیا‘‘۔ جی سی اے میں 32 ارکان ہیں۔