میدک میں امن کمیٹی اجلاس کا انعقاد، ایس پی چندر ا شیکھر ریڈی کا خطاب
میدک۔/4ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ایس پی میدک چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ سماج کی ترقی کے لئے امن و ضبط کی برقراری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ سوسائٹی میں امن قائم رہے صرف پولیس ہی امن کی ذمہ دار نہیں بلکہ ہر شہری کا فریضہ ہے کہ امن ویکجہتی کو پیدا کرے۔ سماج کے چند مٹھی بھر غیر سماجی عناصر کی اوچھی حرکتوں سے ماحول میں انتشار ہوتا ہے چنانچہ خاص تہواروں کے موقع پر عوام کو کسی مذہبی تفریق کے بغیر ایسے افراد سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے کہیں بھی کوئی شک و شبہ ہو تو ہر فرد راست پولیس عہدیداروں سے ربط پیدا کرے۔ پولیس کارروائی کرے گی۔ لیکن کوئی بھی اپنی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ بنے۔ وہ یہاں وائسرائے فنکشن ہال میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے مخاطب کررہے تھے۔ گنیش منڈلی کے ذمہ داران لاپرواہی نہ برتیں بلکہ 9دن عقیدت کے ساتھ گذاریں اور پولیس کی ہدایت پر عمل کریں۔ ڈی ایس پی میدک ناگا راجو نے کہا کہ بقرعید، گنیش دونوں تہوار ایک ساتھ آرہے ہیں اس میں دونوں مذاہب کے لوگ امن و شانتی کا مظاہرہ کریں۔ رات دس بجے کے بعد ساؤنڈ لگانے، گنیش منڈلی کے پاس ڈی جے ساؤنڈ کی اجازت نہیں ہے۔ صدرنشین بلدیہ ملیکارجن گوڑ، محمد عارف حسین، محمد فاضل، سرکل انسپکٹر میدک سائی ایشور گوڑ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے امن کی برقراری کے لئے ہر ایک کو تعاون کرنے کی اپیل کی۔