میدک14ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سال ِ رواں بقر عید اور گنیش تہوار دونوں کے ٹکرائو کے پیش نظر تمام لوگوں کو چاہئے کہ وہ پر امن طور پر اپنا تہوار مناتے ہوئے کسی کو بھی کسی بھی قسم کی تکلیف نہ دیںاور ساتھ ہی ساتھ ہر کوئی دوسروں کے تہوار کو ملحوظ رکھے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی میدک مسٹر راجا رتنم نے کل پولیس میدک کی جانب سے میدک کے ٹی این جی اوز بھون میں منعقدہ پیس کمیٹی (امن وشانتی) میٹنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ہی خوشی کی بات ہے کہ یہاں میدک میں برسہا برس سے لوگ آپسی اتحاد اور بھائی چارگی کے ساتھ اپنا تہوار مناتے ہیں ۔ یہ بہت بڑی بات ہے ۔ سرکل انسپکٹر میدک مسٹر سائی ایشور گوڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ وہ گنیش اور بقر عید تہوار خوشی سے منائیں ۔ اور سبھی حضرات اس بات کا خاص خیال رکھے کہ اپنی جانب سے کسی کو بھی کوئی بھی تکلیف نہ پہونچے ۔ مسٹر سائی ایشور گوڈ نے کہاکہ میدک شروع ہی سے امن وشانتی کا گہوارہ سمجھا جاتا ہے لہذا یہاں کے افرادکو بھی چاہئے کہ وہ آپسی بھائی چارگی اور اخوت وہمدردی کے ساتھ اپنا اپنا تہوار منائیں ۔ اس موقع پر صدرٹائون ٹی آر ایس محمد فاضل نے بات کرتے ہوئے کہاکہ جن جانوروں پر پابندی عائد کی گئی علاوہ اس کے دیگر جانوروں کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹیں کسی کی بھی جانب سے پیش نہیں آنا چاہئے۔۔اس موقع پر اجلاس سے محمد عارف حسین سابق ڈائرکٹر مارکٹنگ کمیٹی میدک ،جناب عبد الماجد معید نائب صدر اردو ماڈل اسکول نے خطاب کرتے ہوئے پولیس سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ گنیش پنڈالوں کے ذمہ دارو ں کو اس بات کی ہدایت دی جائے کہ وہ اذان اور نماز کے اوقات میں لائوڈاسپیکر بند کریں۔اس موقع پر پیس کمیٹی میں شریک ہوئے افراد میں سے عبد الماجد معید نائب صدر اردو ماڈل اسکول،محمد عارف حسین،بلدی کونسلران مدھو سدن رائو،انیل کمار،ونکاٹیشم کے علاوہ دیگر نے خطاب کرتے ہوئے اپنی اپنی رائے پیش کی اور سبھی شرکائے اجلاس نے پر امن طور پر بقر عید اور گنیش تہوار منانے کا عہد کیا ۔ اس موقع پر سب انسپکٹران میدک مسٹر ہنمنت ، ا لیّا گوڈکے علاوہ معتمد میدک مسلم ویلفیر سوسائٹی جناب محمد عبد الروف، خواجہ سہیل محی الدین کونسلر، مجیب راجہ، مرز ا احمد علی بیگ متولی، سید عمر محی الدین، سید منیر محی الدین، بلدی کونسلر ایم اے حمید ، ایم اے فہیم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔