امریکی ویزا کے لیے فرضی دستاویزات کی تیاری ۔ 2 گرفتار

حیدرآباد ۔ /20 اپریل (سیاست نیوز) امریکی ویزا کے حصول کیلئے فرضی دستاویزات کی تیاری میں ملوث دو افراد بشمول ایک طالبعلم کو ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 22 سالہ محمد فرقان ساکن شاہ علی بنڈہ جو باڈی بلڈنگ مقابلوں میں شرکت کیلئے چار مرتبہ امریکہ جاچکا ہے جس سے اسے امریکہ کے ویزا کے حصول کا تجربہ ہوگیا ۔ محمد فرقان نے اپنے دوست شیخ عبدالباری ساکن یاقوت پورہ جو بیروزگار ہے کا امریکہ ویزا کی پراسیسنگ کیلئے اس نے ڈیل کمپنی میں ملازمت کرنے والے عمران سے دعوت نامہ حاصل ہونے پر اس نے شیخ عبدالباری کے فرضی شناختی کارڈس اور کمپنی کے دیگر دستاویزات تیار کئے اور انہیں ویزا حاصل کرنے کیلئے امریکی قونصل خانہ بھیجا تھا لیکن ویزا کی درخواست کو مسترد کردیا گیا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے فرضی دعوت نامے ، شناختی کارڈ ، ڈیل کمپنی کے لیٹر ہیڈس اور دو موبائیل فون برآمد کرلئے ۔