امریکی ویزا کیلئے فرضی دستاویزات، 2 افراد گرفتار

حیدرآباد۔ /25 اپریل، (سیاست نیوز) فرضی دستاویزات کے ذریعہ امریکی ویزا فراہم کرنے کی کوشش میں ملوث دو افراد کو کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سلطان بازار ایم چیتنا نے بتایا کہ 42 سالہ محمد مسعود الدین ساکن اولڈ ملک پیٹ چادر گھاٹ کریٹیو اوورسیز ایجوکیشن کنسلٹنسی چلارہا تھا اور امریکہ جانے کے خواہشمند افراد کی ویزا درخواستوں کو پروسیسنگ کیلئے فرضی دستاویزات تیار کرتے ہوئے انہیں امریکی قونصل خانہ اور ایمبیسی کو بھیجا جارہا تھا۔ چھ ماہ قبل مسعود محی الدین غوری نے امریکی بزنس ویزا کیلئے مسعود الدین سے رابطہ قائم کیا اور اس سلسلہ میں فرضی دستاویزات تیار کئے اور ویزا کیلئے امریکی قونصل خانہ سے رجوع ہوا جہاں پر قونصل خانہ کے عہدیداروں نے شبہات ظاہر کرتے ہوئے ویزا کی درخواست کو مسترد کردیا۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ افراد کو گرفتار کرتے ہوئے فرضی دستاویزات ،کمپیوٹر اور دو موبائیل فونس ضبط کرلئے اور انہیں جیل بھیج دیا۔