امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر کی مسلسل 49 ویں کامیابی

لاس ویگاس ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی باکسر فلوئیڈ مے ویدر نے ہم وطن اندرے برٹو کو شکست دے کر مسلسل 49 ویں کامیابی حاصل کی ہے، اس طرح انہوں نے ہیوی ویٹ چمپین راکی مارسیانو کا ریکارڈ برابر کردیاہے۔لاس ویگا س میں فلوئیڈ مے ویدر اور اندرے برٹو کے مقابلے کو سینکڑوں شائقین نے دیکھا ۔ یہ ایک انتہائی دلچسپ مقابلہ تھا جس میں 38 سالہ مے ویدر کے زوردار مکوں نے برٹو کو سنبھلنے ہی نہیں دیا اور 12ویں راؤنڈ کے بعد نتیجہ مے ویدر کے حق میں ہوگیا۔مے ویدر کی یہ لگاتار 49 ویں کامیابی ہے ،جس کے ساتھ ہی انہوں نے سابق ہیوی ویٹ چمپین راکی مارسیانو کا ریکارڈ بھی برابر کردیاہے،مئی میں مینی پیکاو کو شکست دینے کے بعد یہ فلوئیڈ مے ویدر کی پہلی بڑی فائٹ تھی۔انہوں نے کہا کہ باکسنگ فیلڈ میں وہ سب کچھ انہیں حاصل ہوا جس کی وہ خواہش کرتے تھے۔ آج کا یہ مقابلہ سوشیل میڈیا پر بھی موضوع بنا رہا۔ بالخصوص ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے کئے گئے۔