امریکہ پاکستان کوامداد دیتا رہا اورپاکستان امریکہ کو دھوکہ : ڈونالڈ ٹرمپ 

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کے لئے کوئی ایک کام بھی نہیں کیا ہے بلکہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو پناہ دینے میں مدد کی ۔امریکی صدر نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی امریکی فوجی امداد کے طور پر سینکڑوں ملین ڈالر روکنے کے فیصلہ کا بھی دفاع کیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم پاکستان کی حمایت کررہے ہیں ۔

اوراسامہ بن لادن فوجی چھاؤنی کے قریبی علاقہ میں چھپا ہوا تھا ۔ ہم پاکستان کو سالانہ ایک ارب ۳۰؍ کروڑ ڈالر سے زیادہ امداد کرتے ہیں ۔ لیکن اس نے ہمارے لئے کچھ نہیں کیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان او رامریکہ کے درمیان تعلقات اس وقت خراب ہوئے تھے جب ٹرمپ نے افغانستان اورجنوبی ایشیا کے حوالے سے اپنی حکومت کی پالیسی کا اعلان کیا تھا ۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کیلئے پاکستان محفوظ مقام ہے۔ اس کے بعد امریکہ نے پاکستان کی ۳۰۰؍ ملین ڈالر فوجی امداد روک دی تھی ۔ اس سے قبل بھی امریکہ پاکستان کی ۳۰؍کروڑ ڈالر کی امداد پہلے ہی معطل کرچکا ہے ۔ بعد ازاں ٹرمپ نے پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ہمیں دھوکہ دے رہا ہے۔

ٹرمپ ایک ٹوئیٹ میں کہا تھا کہ گذشتہ ۱۵؍برس میں امریکہ نے پاکستان کو ۳۳؍ ارب ڈالر کی رقم دی جس کے بدلہ میں پاکستان نے جھوٹ اوردھوکہ کے سوا کچھ نہیں دیا کیونکہ وہ ہمارے عہدیداروں کو احمق سمجھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک میں ایسے دہشت گردوں کو پناہ دے رہے ہیں جنہیں ہم افغانستان میں تلاش کررہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی وزیر شیریں مزاری نے اس پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ امریکہ کی خوشامد کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہے۔