امریکہ لفاظی کے بجائے سنجیدہ مذاکرات کرے : ایران

تہران ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے امریکہ کی جانب سے مذاکرات کی نئی غیر مشروط پیش کش کے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ محض ’لفاظی‘ کے بجائے عملی اقدامات کرے۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے قبل ازیں کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ کسی پیشگی شرائط کے بغیر بات چیت کے لیے تیار ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بات بھی زور دے کر کہی ہے کہ امریکہ ایران کے تخریبی کردار پر قابو پانے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے امریکی وزیر خارجہ کے اس بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ ’’اسلامی جمہوریہ ایران لفاظی ہتھکنڈوں اور خفیہ ایجنڈے کے نئی شکلوں میں اظہار پر کوئی توجہ نہیں دیتا ہے۔جو چیز اہم اور قابل توجہ ہے ، وہ امریکہ کی عمومی حکمت عملی اور ایرانی قوم کے بارے میں کردار ہے‘‘۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’’ مائیک پومپیو ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے پر زور دے رہے ہیں۔یہ امریکا کی وہی پرانی غلط پالیسی ہے جس میں اصلاحات کی ضرورت ہے‘‘۔