امریکہ سے جنگ چاہتے ہیں اور نہ بات چیت : خامنہ ای

تہران۔13 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ نہ تو ہم جنگ چاہتے ہیں اور نہ بات چیت۔ اپنے سرکاری ٹوئٹر اکائونٹ سے انگریزی میں تحریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکی افسران ایران کے بارے میں بے تحاشہ بک بک کئے جارہے ہیں۔ تحدیدات کے علاوہ وہ لوگ جنگ اور مذاکرات کی باتیں بھی کررہے ہیں۔ لہٰذا اس صورت حال میں عوام سے صرف یہ کہنا چاہوں گا کہ امریکہ سے نہ تو ہم جنگ چاہتے ہیں اور نہ بات چیت۔ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ ایران نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ کے علیحدہ ہونے کے بعد ایران کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر زبردستی واپس لایا جائے گا۔ تاہم ایران نے امریکہ کہ ساتھ کسی بھی بات چیت کو خارج از امکان قرار دیا اور واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ امریکہ اب بات چیت کے لیے قابل اعتماد ملک نہیں رہا۔ماہ مئی 2018 ء میں امریکہ نے عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے نیوکلیئر معاہدہ سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ، حالانکہ اُن کے اس اقدام پر پورے یوروپی ممالک نے تنقید کی تھی اور اُس وقت سے ہی امریکہ۔ ایران تعلقات کشیدہ ہیں۔