امریکہ ، ہندوستان سے مضبوط فوجی تعلقات کا خواہاں

واشنگٹن۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان کے ساتھ باہمی کارکرد تعلقات میں اضافہ کے سلسلے میں پیشرفت کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ وہ ہندوستان کے ساتھ مضبوط فوجی تعلقات کا خواہاں ہے۔ محکمہ دفاع امریکہ پنٹاگن کے پریس سیکریٹری ریئر ایڈمیرل جان کربی نے کہا کہ ہم حکومت ِ ہند کے ساتھ اور ہندوستانی افواج کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے تسلسل کا انتظار کررہے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وزیر دفاع چک ہیگل نے اس سلسلے میں وزیر دفاع ہندوستان سے بات چیت نہیں کی ہے۔ دریں اثناء امریکی کانگریس امکان ہے کہ وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر امریکی کانگریس کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد کرے گی۔ اس سے پہلے امریکی کانگریس کی ایک اہم کمیٹی نے اپنے ایک اجلاس کا اہتمام کیا ہے جس میں ’’مودی زیراقتدارہندوستان کے ساتھ اوباما انتظامیہ کے تعلقات ‘‘ کے موضوع پر سماعت مقرر کی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی امکان ہے کہ آئندہ ستمبر میں امریکہ کا دورہ کریں گے۔