نیویارک ۔ 28 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاک ۔امریکہ تعلقات میں مثبت پیش رفت ہورہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستانی افواج کے آپریشنز کے بارے میں اوباما انتظامیہ بہتر فہم رکھتی ہے۔ انہوں نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ امریکی محکمہ دفاع کے تازہ بجٹ میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کیلئے کوالیشن سپورٹ فنڈ کیلئے رقم منظور کی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح طور پر تصدیق کرنے سے گریز کیا کہ شمالی وزیرستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی موجودہ جنگ کیلئے ماضی کی طرح کوالیشن فنڈ ملے گا یا نہیں۔ سفیر پاکستان نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پاکستان کی اپنی جنگ ہے اور ہمیں پورا اعتماد ہے کہ ہماری افواج اپنے وسائل اور صلاحیتوں سے اس جنگ میں کامیاب ہوں گی۔ قبل ازیں پاکستانی میڈیا کو پریس کانفرنس میں عباس جیلانی نے بتایا کہ پاک۔ امریکہ تعلقات کی کشیدگی کے ایام میں امریکی کانگریس کے بعض اراکین کو پاکستان کے بارے میں جو غلط تاثر پیدا ہوا تھا اسے بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔