امریکہ ،فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی نہ ملنے سے ناراض : جیک وارنر

نیویارک 31مئی (سیاست ڈاٹ کام) فٹ بال کی عالمی ریگولیٹری ادارے فیفا کے سابق نائب صدر جیک وارنر نے کہا ہے کہ امریکہ نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی نہ ملنے کی وجہ سے انتقامی جذبات کے تحت ان کے اور 13 دیگر لوگوں کے خلاف بدعنوانی کے معاملے درج کئے ہیں۔وارنر نے اپنے ملک ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں ایک کانفرنس میں کہاکہ، امریکہ فیفا کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیونکہ وہ فیفا ورلڈ کپ -2022 کی میزبانی حاصل نہیں کر سکا ‘‘ امریکی محکمہ انصاف کی طرف سے بدعنوانی کے مختلف معاملات میں موردالزام وارنر کو امریکی درخواست پر ٹرینیڈاڈ میں ہی حکام نے چہار شنبہ کو گرفتار کر لیا۔وارنر جمعرات کو 25 لاکھ ٹرینیڈاڈ ڈالر کی ضمانت کی رقم جمع کر کے حراست سے چھوٹے۔ پیشے سے کاروباری اور اب سیاست میں داخل ہوچکے 72 سالہ وارنر نے کہا کہ امریکی میزبانی پر ووٹنگ کے دوران انہوں نے فیفا کے صدر کے طور پر امریکہ کے حق میں ہی ووٹ دیا تھا، اس کے باوجود امریکہ میزبانی حاصل نہیں کر سکا تھا۔وارنر نے کہا، ” انہیں تین ووٹ ملے تھے۔ یہاں تک کہ اگر میں اپنی پوری طاقت لگا دیتا اور انہیں چھ ووٹ مل جاتے پھر بھی انہیں میزبانی نہیں مل پاتی۔ انہیں یہ بات نہیں سمجھ آ رہی کہ دنیا میں ایسے حصے بھی ہیں، جو امریکہ کو پسند نہیں کرتے، حالانکہ میرا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔