ونپرتی میں ریتو بندھو اسکیم کیلئے تمام تیاریاں مکمل: کلکٹر
ونپرتی۔/9مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسانوں کو اراضی پٹہ کی پاس بک اور فی ایکڑ 4000 روپئے حکومت تلنگانہ نے اجراء کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے اس کیلئے ضلع ونپرتی میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ان کی اطلاع ونپرتی ضلع کلکٹر شیویتا مہنتی نے دی۔ آج ضلع کلکٹریٹ میں اپنے چیمبر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ونپرتی 14 منڈلوں میں 224 دیہاتوں میں ایک لاکھ 50 ہزار 800 کسانوں میں ایک سو چالیس کروڑ 20لاکھ روپئے کے چیکس ریتو بندھو اسکیم کے تحت تقسیم کئے جائیں گے۔ ان چیکس کی تقسیم کرنے کیلئے 61 ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے اور 8 بینکوں میں مخصوص کاونٹر لگائے گئے ہیں جہاں سے کسان بغیر کسی عجلت کے آرام کے ساتھ اپنی رقم کو حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں میں رقم کی کوئی کمی نہیں ہے، کسان افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ کسانوں میں چیکس کی تقسیم کیلئے صبح 7 تا11 بجے، شام 4 تا7 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ دیہاتوں میں کسانوں کو چیک اور پاس بک حاصل کرنے سلپ دی گئی ہے، کسان اپنے شناختی کارڈ جس میں آدھار کارڈ، ووٹر آئی ڈی کارڈ بتاکر چیک اور پاس بک حاصل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو چیک اور پاس بک نہ ملا ہو تو منڈل آفس میں ایک فریاد رجسٹر رکھا جائے گا وہاں تمام تفصیلات لکھیں۔ 18 دن میں پاس بک اور چیک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیک کی آخری مدت 3ماہ رہے گی۔ تین ماہ کے دوران بینک سے چیک کے ذریعہ رقم حاصل کرسکتے ہیں۔ ونپرتی ضلع کیلئے مختص رقم بینکوں میں پہنچ چکی ہے ۔ کسانوں کو کسی قسم کا خوف اور عجلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔