قاہرہ ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ سربراہ نے 7 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر پابندی سے متعلق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حکمنامہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ احمد ابوالغیث نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پابندی انتہائی نامناسب ہے ۔ اس کے علاوہ شام کے پناہ گزینوں پر عائد کردہ امتناع بھی بالکل غلط ہے ۔ اس دوران عراق میں حکومت پر یہ دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ بھی جوابی قدم اٹھائے ۔ عراقی پارلیمنٹ کی وزارت امور خارجہ کمیٹی نے امریکی شہریوں کے عراق میں داخلہ پر امتناع عائد کرنے پر زور دیا ۔ عراق میں جنگجوؤں کا مقابلہ کررہے فوج کے متحدہ گروپ نے بھی حکومت سے اسی طرح کی جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔