امام‘موذن کی تنخواہ کے اعلان کا خیرمقدم

نظا م آباد :3؍ جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سینئر ٹی آرایس قائدین مسٹر طارق انصاری نے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو کی جانب سے رمضان المبارک کے موقع پر امام و موذن کو ایک ہزار روپئے وظیفہ اور غریب مسلمانوں میں ملبوسات کی تقسیم اور طعام و دیگر مراعات کے اعلانات پر زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے تاریخ ساز کارنامہ قرار دیا۔ آج صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو تلنگانہ کے روایت، تہذیب اور بالخصوص مسلم معاشرہ کے بارے میں بخوبی جانکاری رکھتے ہیں جس کی وجہ انہوں نے ماہ صیام کے مقدس مہینہ کا احترام کرتے ہوئے مسلمانوں کیلئے مراعات کا اعلان کیا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران چندر شیکھر رائو نے امام و موذنوں کو وظیفہ کا اعلان کیا تھا اور اب اسے عملی جامہ پہنایا ہے۔ ملک کی کوئی بھی ریاست میں حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ ایک واحد ریاست ہے جو ماہ صیام کے موقع پر اس طرح کے اعلانات کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ ان قائدین نے چیف منسٹر کے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر سے اظہار تشکرکیا اور اور نظام آباد میں بھی دعوت افطار کا سرکاری سطح پر اہتمام کیا جائیگااور ملبوسات کی تقسیم اور امام و موذن کو ایک ہزار روپئے تنخواہ ادا کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو سیکولر قائد کی حیثیت سے تمام طبقات کو انصاف کرنے اور تلنگانہ ریاست میں تمام طبقات کی فلاح وبہبودی سے سنہری تلنگانہ کا قیام ہونے کا یقین ظاہر کیا ۔ اس پر یس کانفرنس میں ڈاکٹر باپور یڈی،حلیم قمر، فہیم قریشی،اختر احمد، سید خلیل ، محمد غوث کوآپشن ممبر ماکلور و دیگر موجود تھے ۔