امارات کے 3 کھلاڑیوں پر 2 ماہ کی پابندی

دبئی ۔20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) امارات کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقید اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر کپتان سمیت تین کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے مطابق متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کے کپتان روہان مصطفی، احمد رضا اور رمیز شہزاد نے کراچی میں کھیلے گئے ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ کے میچز کے دوران پی سی بی کے انتظامات کو نشانہ بنایا تھا۔ کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پی سی بی کے انتظامات کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جس کے سبب ان کھلاڑیوں پر دو ماہ کے لئے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ ایمرجنگ ایشیا کپ کے دوران ڈیفنس کے ساوتھ اینڈ کلب میں متحدہ عرب امارات اور ہانگ کانگ کا میچ بارش کے سبب منسوخ ہوگیا تھا، جس پر ان کھلاڑیوں نے پی سی بی کے ناقص انتظامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بارش صرف 30 منٹ ہوئی لیکن میدان کو خْشک کرنے کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایمریٹس بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں پر پابندی کے ساتھ ساتھ انہیں مستقبل میں ایسی حرکت نہ کرنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔