دبئی ۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امارات فیڈرل سپریم کورٹ نے دہشت گردی کے مقدمے کے سلسلے میں ترکی کے ایک شہری کے خلاف عمر قید کی سزا کی توثیق کر دی ہے۔ ملزم نے فیس بک پر اپنے نام (علی اوزترک) سے ایک اکاؤنٹ بنایا اور اس کے ذریعے دو دہشت گرد تنظیموں (النصرہ فرنٹ اور احرار الشام) کے افکار و نظریات کو فروغ دیا اور ان تنظیموں کے لیے عطیات اکٹھا کیے۔ بعد ازاں امارات میں کام کرنے والے مالیاتی اداروں کے ذریعے ان مالی رقوم کو ارسال کیا۔امارات میں فیڈرل سپریم کورٹ نے حالیہ فیصلے میں دو افراد کی جانب سے دائر کی گئی اپیل کو مسترد کر دیا۔ ان میں عرب شہری کو 10 سال قید اور ترک شہری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
سعودی عرب ایرانی تیل کا متبادل :وزیرتیل
ریاض۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے وزیر تیل خالد الفلیح نے کہا ہے کہ آٹھ ممالک کے لیے ایرانی تیل کی خرید پر امریکی استثنیٰ ختم ہونے کے بعد اُن کا ملک تیل خریدنے والے ملکوں کی طلب پوری کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ الفلیح نے یہ بات روسی نیوز ایجنسی آر آئی اے کو ایک انٹرویو میں بتائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رواں برس جون کے بعد بھی تیل کی پیداوار میں تعاون جاری رکھنے کی عالمی ڈیل پر عمل ممکن ہے۔ سعودی عرب کے وزیر تیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاض حکومت خام تیل کی پیداوار کو عالمی طلب کے مطابق برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔